
مقبوضہ بیت المقدس: صیہونی جنگی کابینہ کے رکن نے نیتن یاہو کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا ہے کہ بس اب خود سے جھوٹ بولنا بند کرنا ہوگا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق کابینہ اجلاس میں اسرائیلی وزیر ایزن کوٹ نے کہا کہ وقت بہت تیزی سے ہمارے ہاتھوں سے نکلتا جا رہا ہے، ہر گزرتے دن کے ساتھ اسرائیلی قیدیوں کی زندگی کو خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بس ہوگیا، اب ہمیں خود سے جھوٹ بولنا بند کرنا ہوگا، قیدیوں کو چھڑوانے کیلئے ہمیں اپنی حکمت عملی تبدیل کرنا ہوگی۔ واضح رہے کہ اسرائیلی وزیر ایزن کوٹ کا بیٹا اور بھتیجا غزہ میں حماس کے خلاف لڑتے ہوئے ہلاک ہوگئے تھے۔ جنگی جنون میں مبتلا اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنی کابینہ کے وزیر کے مشورے کو مسترد کرتے ہوئے جنگی آپریشن کو واحد حل قرار دیا۔


































