
بیروت : لبنان کی سیاسی و مقاومتی تحریک حزب الله کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے تہران ریاض معاہدے پر اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کی جگہ ایران کو دشمن ثابت کرنے کا مغربی منصوبہ ناکام ہوگیا ہے۔ شیخ نعیم قاسم نے اس بارے میں ایک ٹویٹ کیا کہ خطے کے محرکات امریکی و صیہونی منصوبوں کے برخلاف بڑھ رہے ہیں اور سعودی عرب و ایران کے درمیان معاہدے نے صیہونی رژیم کی جگہ ایران سے دشمنی کے منصوبوں کو شکست دے دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یو اے ای، سعودی عرب، ترکی اور دیگر ممالک کی جانب سے شام سے تعلقات میں بہتری کی کوششیں، خطے کے تمام ممالک کے لئے خیر اور برکت لائیں گی۔ قبل ازیں حزب الله کی ایگزیکٹو کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری شیخ علی دعموش نے ریاض اور تہران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے اثرات کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ اس معاہدے کے بعد خطہ ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے کہ جو امریکہ و اسرائیل کے مفاد میں نہیں ہے۔ اس مثبت ماحول سے لبنان کے سیاسی بحران کو حل کرنے کے لئے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔


































