
تہران: ایرانی صدر نے غزہ کے عوام کی مدد اور اس پٹی کی تعمیر نو کے لئے مسلم ممالک کی شراکت سے ایک بین الاقوامی اتحاد کی تشکیل کی ضرورت پر زور دیا۔ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے حماس کی قیادت کونسل کے ارکان سے ملاقات میں مزاحمتی محاذ کے تمام شہداء کو خراج عقیدت اور غزہ کے مزاحمتی عوام کو جنگ میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے غاصبوں کے خلاف عظیم کامیابیاں حاصل کیں اور اپنی سرزمین کی آزادی کے لئے بڑی تعداد میں شہداء کی قربانیوں کے ذریعے صیہونی دشمن کے اہداف کو خاک میں ملایا اور یہ فتح تمام مجاہدین اور غزہ کے تمام لوگوں کو مبارک ہو۔
صدر پزشکیان نے غزہ کے عوام کی مدد اور اس پٹی کی تعمیر نو کے لیے اسلامی ممالک کی شراکت سے ایک بین الاقوامی اتحاد کی تشکیل کی ضرورت پر بھی زور دیا
انہوں نے مزید کہا کہ یقینی طور پر مسلم ممالک مشترکہ تعاون کے ذریعے غزہ کو دوبارہ آباد کرنے اور اس پٹی کے عوام کی زندگی بحال کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے ایران کی جانب سے مزاحمتی محاذ اور غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مزاحمت کی حتمی فتح کا یقین ہے کیونکہ خداوند متعال نے قرآن کریم میں اس کا وعدہ کیا ہے۔


































