
تہران: امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے تہران میں ولی امر مسلمین آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔
اس موقع پر ولی امر مسلمین نے کہا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینا اسلامی جمہوریہ کی حتمی پالیسی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ دورے کے دوران ہونے والے معاہدے دونوں ممالک کے لیے سود مند ثابت ہوں گے جس سے وہ پہلے سے زیادہ اپنے ہمسائیگی کے فرائض ادا کر سکیں گے۔ انہوں نے ایران اور خطے کے حوالے سے امریکی پالیسیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدور کے درمیان کوئی فرق نہیں ہے۔ انہوں نے جنوبی کوریا سے قطر منتقل کیے گئےایران کے غیر منجمد فنڈز کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ان کی ایران کو واپسی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
ایران قطر سے توقع رکھتا ہے کہ وہ امریکی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم قطر کی پوزیشن میں ہوتے تو ہم واشنگٹن کے دباؤ کو نظر انداز کر دیتے اور اثاثے واپس کر دیتے۔ ہمیں اب بھی قطر سے ایسی کارروائی کی توقع ہے۔


































