
اسلام آباد: تحریک انصاف سے بلے کا انتخابی نشان واپس لے لیا گیا، سپریم کورٹ نے پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ درست قرار دے دیا۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی درخواست منظور کرلی۔چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے متفقہ فیصلہ دیا۔ چیف جسٹس پاکستان نے فیصلہ سنایا جس میں لکھا کہ الیکشن کمیشن کئی ماہ سے تحریک انصاف کو الیکشن کروانے کےلیے نوٹس جاری کر رہا تھا۔ آخر پی ٹی آئی نے الیکشن کروائے لیکن ان میں سقم پائے گئے، الیکشن کی جگہ مشتہر نہیں کی گئی، دیگر امیدواروں کو پارٹی الیکشن میں کھڑا ہونے کا موقع نہیں ملا۔


































