
کراچی: پاکستان میں عام انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ آٹھ فروری کو ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پاکستان بھر میں بیلٹ پیپرز اور دیگر انتخابی سامان پہنچادیا گیا ہے۔ وقت ختم ہونے کے بعد کسی بھی امیدوار یا جماعت کو جلسے، جلوس، کارنر میٹنگ یا اسی نوعیت کی سیاسی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی اور خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔نگراں وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے کہا ہےکہ ابھی تک کسی جگہ موبائل یا انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا، سیکیورٹی حالات کے پیش نظر کسی ضلع یا صوبے کی درخواست آئی تو سروس بند کرنے پر غور کیا جائے گا۔ نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ یقین ہے کہ انتخابات پر امن ہوں گے، مجموعی طور پر انتخابات کی سیکیورٹی کے لیے ساڑھے چھ لاکھ سے زائد وفاقی اور صوبائی سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔


































