
قاہرہ : مصر نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کیلئے نئی تجویز پیش کردی۔ اسرائیلی چینل کان الیون کے مطابق مصری تجویز پچھلی تجویزوں سے مطابقت رکھتی ہے لیکن اس کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئی ہیں۔ پچھلی تجاویز میں سے ایک میں پانچ زندہ قیدیوں جب کہ دوسری میں 11 زندہ بچ جانے والوں کی رہائی کی تجویز دی گئی تھی۔ اسرائیلی ذرائع کے مطابق اسرائیلی حکام سمجھتے ہیں کہ فوجی دباؤ حماس کے موقف کو تبدیل کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
ادھر حماس کے وفد نے قاہرہ میں مصر کے وزیرخارجہ بدر عبداللطی سے ملاقات کی اور غزہ کی موجودہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا ۔ مصری وزیرخارجہ نے کہا کہ طاقت کا بھرم اسرائیل کو وہ سلامتی حاصل کرنے میں مدد نہیں دے گا جو وہ چاہتا ہے۔ اس کے مظالم خطے میں نفرت اور اس کے خلاف انتقام کی خواہش کو ہوا دیں گے۔


































