
قاہرہ : مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ فلسطینیوں کی غزہ سے منتقلی کے غیر منصفانہ اقدام میں شریک نہیں ہوسکتے۔
قاہرہ میں کینیا کے صدر ولیم روٹو کے ساتھ ایک پریس کانفرنس کے دوران مصری صدر نے واضح کیا کہ مصر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ دو ریاستی حل کی بنیاد پر فلسطین اور اسرائیل کے درمیان قیام امن کا حصول ممکن بنایا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی بے دخلی سے متعلق جو کچھ کہا جارہا ہے، اس کی اجازت دینا ممکن نہیں ہے کیوں کہ اس کے اثرات مصر کی قومی سلامتی پر پڑسکتے ہیں جسے بالکل برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ عبدالفتاح السیسی نے واضح کیا کہ وہ مسئلہ فلسطین کے حوالے سے مصر کے تاریخی اور اٹل موقف سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے غزہ سے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کے منصوبے کو مسترد کرنے پر مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔


































