
قاہرہ : مصر نے غزہ سے فلسطینیوں کو شمالی سینائی منتقل کرنے کی تیاری کی خبروں کی تردید کردی۔مصری اسٹیٹ انفارمیشن سروس نے کہا کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے کہ مصر غزہ کی تعمیر نو کیلئے پانچ لاکھ باشندوں کو شمالی سینائی کے مجوزہ شہر میں عارضی طور پر منتقل کرنے کے لیے تیار ہے۔ انفارمیشن سروس نے کہا کہ یہ بے بنیاد الزامات غزہ پر نسل کشی کی جنگ کے ابتدائی دنوں کے مصر کے پختہ اور اصولی موقف سے مکمل طور پر متصادم ہیں۔ بیان میں کہاگیاہے کہ مصر نے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو زبردستی یا رضاکارانہ طور پر غزہ سے باہر کسی بھی جگہ منتقل کرنے کی کوششوں کو قطعی طور پر مسترد کردیا ہے۔ کیونکہ یہ فلسطینی کاز کو ختم کرنے کی نمائندگی کرے گا اور مصر کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہو گا۔


































