
قاہرہ : مصر اور قطر نے مکمل جنگ بندی تک تمام اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کی مخالفت کردی۔ خبر رساں ایجنسی معان نے لبنانی اخبار الاخبار کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ مصر اور قطر جنگ کے خاتمے تک تمام اسرائیلی قیدیوں کی رہائی پر متفق نہیں ہیں۔ دونوں ممالک اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ تمام اسرائیلی اسیران کو صرف اس صورت میں حوالے کیا جائے جب جنگ دوبارہ شروع نہ ہونے کی ضمانت کے لیے واضح طور پر متفقہ راستہ موجود ہو۔ رپورٹ میں اسرائیلی عہدیدار کے حوالے سے کہاگیا ہے کہ جنگ بندی کے استحکام کے باوجود، اس کے ٹوٹنے کا خطرہ پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ امریکی کوششوں کا واضح مقصد تحریک مزاحمت پر دباؤ برقرار رکھنا ہے۔ لیکن یہ معقول نہیں ہے کیونکہ اس نے پہلے سے منظور شدہ تمام شرائط کی تعمیل کی ہے۔ قاہرہ کا خیال ہے کہ حماس کی جانب سے غزہ کی پٹی پر مکمل طور پر حکومت نہ کرنے کی واضح منظوری انتخابات کے انعقاد تک فلسطینی اتفاق رائے پر مبنی متبادل انتظامیہ کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔


































