
اسلام آباد: کورونا کی وبا میں موثر اقدامات کرنے پرپاکستان نے اکانومسٹ نارملسی انڈیکس میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔
دی اکانومسٹ نارملسی انڈیکس کے مطابق پاکستان نے کورونا کے وبا کے باعث عائد لاک ڈاؤن کے خاتمے پر اقتصادی اورمعاشرتی سرگرمیوں کی بحالی کے لئے موثراقدامات کئے۔ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو تینوں رینکنگز میں شروع کی 3 پوزیشنز میں شامل رہا ہے۔
اکانومسٹ نارملسی انڈیکس کے پہلے جائزے میں پاکستان تیسرے جبکہ دوسرے جائزے میں پہلے نمبر پرتھا۔
نئی درجہ بندی میں مصرپہلے نمبر پر ہے۔ انڈیکس میں مختلف ممالک میں کووڈ19 کے خلاف اقدامات ، کووڈ میں کمی یا اضافے کی بنیاد پردرجہ بندی کی گئی ہے۔
دی اکانومسٹ نارملسی انڈیکس میں کورونا وبا کے دوران اورکورونا کے بعد سرگرمیوں کی بحالی کے حوالے سے 50 ممالک کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ہے۔ دی اکانومسٹ کے مطابق پاکستان نےکوویڈ کے خلاف موثر اقدامات کیے، جس کے باعث پاکستان کو کوویڈ کے خلاف اقدامات میں بہترین ممالک میں رکھا گیا، اعداد و شمار جنوری2021 سے جنوری 2022 تک اکٹھے کیے گئے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر منصوبہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دی اکانومسٹ انڈیکس شیئر کرتے ہوئے ہوئے کہا پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو نارملیسی انڈیکس میں تینوں رینکنگ میں ٹاپ تھری پر ہے، پاکستان کو کوویڈ کے خلاف اقدامات میں سرفہرست کارکردگی کے طور پر تسلیم کیا گیا۔


































