
غزہ : اسرائیلی جنگی طیاروں اور ڈرونز نے غزہ پر بیس ماہ سے جاری حملوں میں تیزی لاتے ہوئے مزید ایک سو پانچ فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی کردئے۔ صیہونی فوج نے رات بھر اور صبح سویرے غزہ میں آتش و آہن کی بارش جاری رکھی۔ صیہونی فوج نے محفوظ قرار دئے گئے المواصی پناہ گزین کیمپ پر بھی حملہ کیا جہاں چھتیس فلسطینی شہید ہوگئے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق چوالیس شہادتیں جنوبی غزہ میں ہوئیں جبکہ پندرہ افراد وسطیٰ غزہ میں شہید ہوئے۔ صیہونی فوج نے بیت حنون۔ خان یونس۔ جبالیہ اور رفح سمیت مختلف علاقوں کو اپنی درندگی کا نشانہ بنایا۔ ڈرونز حملے کی وجہ سے انڈونیشین اسپتال میں افراتفری مچ گئی اور باہر نکلنے کی کوشش میں مریض زخمی ہوگئے۔


































