
اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پیٹرول پر سیلز ٹیکس لگانے کا مطالبہ کر دیا۔
آئی ایم ایف نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرول پر 18 فیصد سیلز ٹیکس لگایا جائے، پیٹرول سمیت تمام اشیاء پر سیلز ٹیکس کی چھوٹ ختم کی جائے۔
عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت پیٹرول پر 60 روپے لیوی کے ساتھ سیلز ٹیکس بھی لگائے، سیلز ٹیکس کی چھوٹ ختم کر کے ٹیکس آمدنی بڑھائی جائے۔
دوسری جانب آئی ایم ایف کے مطالبے پر عمل کرتے ہوئے وفاقی حکومت نے بجلی صارفین پر 967 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاریاں شروع کر دیں۔
ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے 6 سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے لیے درخواستیں نیپرا میں جمع کرادیں جس کی سماعت اگلے ماہ 2 اپریل کو ہو گی۔


































