
پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں سے متعلق سنی اتحاد کونسل کی درخواستیں خارج کردیں۔ سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواستوں پر پشاور ہائی کورٹ میں سماعت جسٹس اشتیاق ابراہیم کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے کی۔ پشاور ہائی کورٹ نے محفوظ سناتے ہوئے کہا کہ متفقہ طور پر درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں۔ سماعت کے آغاز پر سنی اتحاد کونسل کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے گزشتہ روز پیش نہ ہونے پر عدالت سے معذرت کی۔
انہوں نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن سے پہلے پی ٹی آئی سے بلّے کا نشان لیا گیا، پشاور ہائی کورٹ نے تاریخی فیصلہ دے کر بلّا واپس کردیا تھا، سپریم کورٹ نے دوبارہ الیکشن کمیشن کے حق میں فیصلہ دے کر نشان واپس لیا۔ انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل 226 میں 78 سیٹوں کی حقدار ہے، الیکشن کمیشن نے ہماری سیٹیں ایک طرف کر کے باقی سیاسی جماعتوں کو دے دیں۔


































