
ڈھاکا : بنگلہ دیش میں موجود روہنگیا مسلمانوں کی میانمار واپسی کے منصوبے پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا گیا۔ میانمار کی فوجی جنتا نے اگلے ماہ سے روہنگیا مسلمانوں کی وطن واپسی کا خیرمقدم کرنے کا اعلان کیا ہے۔یہ اعلان میانمار کے وفد کے بنگلہ دیش میں روہنگیا مسلمانوں کے کیمپوں کے دورے کے بعد کیا گیا۔ چین کی ثالثی اور جزوی طور پر اقوام متحدہ کی طرف سے سہولت فراہم کرنے کے بعد اس دورے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ میانمار جنتا کے اعلان کے باجود روہنگیا مسلمان اور عالمی ادارے اس سے مطمئن نہیں ہیں۔ روہنگیا نیشنل الائنس نے میانمار پر الزام لگایا کہ وہ عدالت کی سرزنش سے بچنے کے لیے پناہ گزینوں کی رسمی واپسی کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی نے ایک بار پھر کہا کہ میانمار کے حالات روہنگیا پناہ گزینوں کی پائیدار واپسی کے لیے موزوں نہیں ہیں۔ سول سوسائٹی کے بعض گروپوں نے میانمار کے اہل کاروں کو بنگلہ دیش پہنچانے میں سہولت فراہم کرنے پر اقوام متحدہ کی ایجنسی پر تنقید کی ہے۔


































