
واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بعض مشیر ایران جنگ سے نکلنے کیلئے واضح حکمتِ عملی اختیار کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ تاہم وائٹ ہاؤس نے ایسی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کچھ قریبی مشیر نجی طور پر انہیں مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ ایران جنگ سے نکلنے کا ایک واضح منصوبہ عوام کے سامنے پیش کریں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشیروں کا مؤقف ہے کہ امریکی فوج جنگ کے زیادہ تر مقاصد حاصل کر چکی ہے۔ ان مقاصد میں ایران کے میزائل پروگرام اور بحریہ کو تباہ کرنا، خطے میں اس کی اتحادی قوتوں کی حمایت روکنا اور ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے باز رکھنا شامل بتایا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بعض مشیروں نے خبردار کیا ہے کہ طویل جنگ سے صدر ٹرمپ کی سیاسی حمایت متاثر ہو سکتی ہے اور آئندہ وسط مدتی انتخابات پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔ تاہم وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے اس رپورٹ کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے گمنام ذرائع پر مبنی بے بنیاد خبر قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کے مشیر چوبیس گھنٹے آپریشن ایپک فیوری کی کامیابی کے لیے کام کر رہے ہیں اور فوجی کارروائیوں کے اختتام کا فیصلہ صرف کمانڈر ان چیف کریں گے۔


































