
راولپنڈی: کورکمانڈرز کانفرنس میں عسکری قیادت نے انسداد دہشت گردی کے خلاف عزم استحکام کے حوالے سے تنقید اور قیاس آرائیوں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی عزائم کی تکمیل کے لیے ڈیجیٹل دہشت گردی ریاستی اداروں کے خلاف سازش ہے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اجلاس میں ملکی سلامتی کی مجموعی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے ” عزمِ استحکام” کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور انسدادِ دہشت گردی کے لیے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے ضمن میں ”عزمِ استحکام“ کو اہم قدم قرار دیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک میں پائیدار استحکام اور معاشی خوش حالی کے لیے”عزمِ استحکام“ دہشت گردی اور غیر قانونی سرگرمیوں کا گٹھ جوڑ ختم کرنے کے لیے وقت کا اہم تقاضا قرار دیا گیا۔ کانفرنس میں چند حلقوں کی جانب سے ”عزمِ استحکام“ کے حوالے سے بلاجواز تنقید اور مخصوص مفادات کے حصول کے لیے قیاس آرائیوں پر فورم کی جانب سے اظہار تشویش کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ فورم کا علاقائی سلامتی بالخصوص افغانستان کی صورت حال پر غور اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کانفرنس کے شرکا نے کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا، کشمیر اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسل کشی کی مذمت کی گئی۔ کورکمانڈرز کانفرنس میں شرکا نے سیاسی عزائم کی تکمیل کے لیے جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کو ریاستی اداروں کے خلاف سازش قرار دیا اور کہا کہ ریاست مخالف بیرونی طاقتوں کی سرپرستی میں جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کا مقصد جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے قوم میں نفاق اور مایوسی پھیلانا ہے۔ شرکاء کانفرنس نے کہا کہ افواج پاکستان اور پاکستانی قوم ان سازشوں سے نہ صرف آگاہ ہیں بلکہ دشمن کے مذموم مقاصد کو شکست دینے کے لیے پرعزم اور متحد ہیں۔


































