
غزہ :غزہ میں جاری جنگ اور اس کے خاتمے کے بعد غزہ کے حوالے سے اسرائیلی سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان شدید اختلافات سامنے آئے ہیں۔ گذشتہ روز اسرائیل کے سینیر وزراء، آرمی چیف اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان پر مشتمل اجلاس تلخ کلامی کے بعد ملتوی کردیا گیا۔ فوجی رہنماؤں کے ساتھ سینئر اسرائیلی وزراء کی ملاقات کا مقصد جنگ کے خاتمے کے بعد غزہ کی پٹی کے انتظام کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کرنا تھا جس میں متعدد وزراء اور افسروں کے درمیان شدید تلخ کلامی، افراتفری اور زبردست غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق مذکورہ اجلاس میں افراتفری کی کیفیت اس وقت دیکھی گئی جب دائیں بازو کے متعدد وزراء، خاص طور پر وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اسرائیلی آرمی چیف آف اسٹاف ہرزی ہیلیوی پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے گذشتہ سات اکتوبر کو ہونے والی سکیورٹی کی ناکامی کی وجوہات کی تحقیقات کے لیے آرمی چیف سے بھی باز پرس کا مطالبہ کیا اور سکیورٹی اداروں کو حماس کے حملے کو روکنے میں ناکامی کا ذمہ دار ٹھہرایا۔


































