
ملتان : ڈیرہ غازی خان میں جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر رات گئے دہشت گردوں کے حملے میں 7 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں کا دو ماہ بعد ایک بار پھر جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنایا گیا، پنجاب پولیس کے پہلے سے الرٹ جوانوں نے 3 گھنٹے بہادری سے مقابلہ کیا۔ دہشت گرد جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر قبضہ اور تعینات اہلکاروں کو یرغمال بنانا چاہتے تھے، تقریباً 15 سے 20 دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر مختلف اطراف سے شدید حملہ کیا۔ دہشتگردوں نے حملے میں راکٹ لانچرز، ہینڈ گرینڈ، لیزر لائٹ گنز سمیت جدید اسلحہ استعمال کیا۔ پولیس جوانوں کی زبردست مزاحمت اور ایمونیشن ختم ہونے پر دہشتگرد بھاگنے پر مجبور ہوئے۔


































