تحریر: سید عرفان کاظمی
اسلام نے نوجوان طبقے کی تربیت پر بہت زور دیا ہے، کیونکہ معاشرے کی ترقی کا دارومدار نوجوان نسل پر منحصر ہے۔ اگر معاشرہ اور قوم و ملت کا نوجوان طبقہ گمراہی کی راہوں پر گامزن ہو تو وہ معاشرہ اور قوم و ملت کبھی ترقی نہیں کرسکتی۔ نوجوان نسل کی تربیت اگر صحیح معنوں میں ہو تو اقوام اور ملتیں بہت جلد ترقی کی راہیں طے کریں گی۔ نوجوانوں کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ’’تمام مخلوق میں اللہ کے ہاں سب سے محبوب و عزیز وہ نوجوان ہے، جو سیرت کے اعتبار سے سب سے خوبصورت ہو، اپنی جوانی اور خوبصورتی کو اللہ کی عبادت میں خرچ کرے، ایسے نوجوان پر اللہ تعالیٰ ملائکہ کے سامنے فخر کرتا ہے اور اس کی شان میں فرماتا ہے کہ یہی میرا سچا بندہ ہے۔” اگر ہم تاریخ کی کتب میں نگاہ دوڑائیں تو یہ حقیقت ہم پر روز روشن کی طرح واضح ہوگی کہ بہت ساری اقوام کی ترقی کا راز نوجوان نسل کی تربیت میں پوشیدہ ہے، ان قوموں نے کامیابی کا تاج سر پر رکھا ہے، جن کے نوجوان طبقے کی صحیح معنوں میں تربیت ہوئی ہو۔
نوجوان نسل کی اتنی اہمت کیوں ہے؟
کہتے ہیں کہ اگر کوئی قوم و ملت اپنے پاوں پر کھڑی ہے تو وہ نوجوان طبقے کی وجہ سے ہی ہے۔ نوجوان نسل معاشرے کا فخر اور غرور ہوتی ہے۔ معاشرے کے لیے باعث عزت ہے۔ انہی کی وجہ سے ہی معاشرہ ترقی کی راہوں پر گامزن ہوتا ہے۔ اگر کسی معاشرہ کی نوجوان نسل گمراہی کی سمت سفر شروع کرے تو وہ معاشرہ اور ملت کبھی ترقی کی راہ نہیں دیکھیں گے۔ اسی وجہ سے کائنات میں نوجوان طبقے کو بہت اہمیت حاصل ہے۔
نوجوان طبقے کے بگڑنے کی وجوہات
1۔ اسلام کی بنیادی تعلیمات سے نابلد ہونا۔
2۔ گھر میں اسلامی ماحول کی جگہ مغربی ماحول کو فروغ دینا۔
3۔ دینی اخلاقیات سے نابلد اور شرم و حیا سے عاری ہونا۔
4۔ مغربی ثقافت میں گرفتار اور اسلامی ثقافت سے دور ہو جانا۔
5۔ انا پرستی اور خواہشات نفسانی میں جکڑا جانا۔
6۔ والدین کی شفقت، مجبت اور رہنمائی سے محروم ہونا وغیرہ۔۔۔۔ اور بھی بہت ساری برائیاں ہیں۔ ہمارا مقصد ان تمام برائیوں کا حل تلاش کرنا ہے، جس کے بعد نوجوان نسل ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے۔
اس وقت نوجوان نسل بھی کچھ ایسی ہی برائیوں میں گھری ہوئی ہے، جس کی وجہ سے نوجوان نسل بگڑتی جا رہی ہے اور معاشرہ مسلسل زوال کی طرف جا رہا ہے اور مختلف قسم کے حادثات پیش آرہے ہیں اور اسی وجہ سے لوگوں کے درمیاں پیار، محبت اور الفت محو ہو رہی ہے، لوگ ایک دوسرے سے دور بھاگتے جا رہے ہیں۔ نوجوان نسل میں عدم تربیت کی وجہ سے معاشرہ اسلامی تعلیمات سے عاری ہوتا جا رہا ہے اور ساتھ ہی ساتھ اسلامی ثقافت سے بھی دور ہو رہا ہے۔ مغربی ثقافتی یلغار نے ہمارے معاشرے کے نوجوانوں کو بری طرح متاثر کیا ہے، جس کی وجہ سے سارا معاشرہ متاثر ہے اور معاشرے میں اچھائی کا خاتمہ شروع ہوچکا ہے۔ اگر ان تمام برائیوں کے خاتمے کے لیے بروقت کوئی اقدام نہ کریں تو وقت گزر جانے کے بعد سر پکڑنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ لہذا ہمیں بروقت اقدام اٹھانے کی ضرورت ہے۔
































