
دوحہ : فلسطینی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان دوحہ میں جاری بالواسطہ مذاکرات پیش کردہ نکات پر جمود کے باوجود تا حال جاری ہیں۔ فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ فلاڈلفیا راہ داری سے اسرائیلی انخلا کا معاملہ امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے دورہ قطر کے مکمل ہونے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آج ہونے والے مذاکرات میں قیدیوں سے متعلق امور اور غزہ میں امداد کے داخلے کے طریقہ کار پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
ادھر اسرائیلی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دوحہ میں ہونے والے مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ۔ اور یہ کہ غزہ سے اسرائیلی انخلا کی حد اب بھی ایک متنازع نکتہ ہے۔ دوسری جانب امریکہ، حماس پر دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ فی الحال انخلا کے دائرے اور حجم پر بات چیت مؤخر کرے۔


































