
غزہ : بچوں کی فلاح کے لئے کام کرنے والے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ جنگ بندی معاہدے کے بعد سے غزہ میں کم از کم 67 فلسطینی بچے شہید ہوچکے ہیں یہ تعداد دو بچے یومیہ بنتی ہے۔
جنیوا میں پریس کانفرنس کےدوران یونیسف کے ترجمان ریکارڈو پیرس نے بتایا کہ شہید بچوں میں خان یونس میں اسرائیلی فضائی حملے کا نشانہ بننے والی ایک ننھی بچی بھی شامل ہے۔ جبکہ ایک روز قبل اسرائیلی بمباری میں مزید سات بچے شہید ہوئے۔ ریکارڈو پیرس نے کہا کہ یہ سب کچھ اس وقت ہو رہا ہے جب جنگ بندی پر اتفاق ہو چکا ہے اور یہ سلسلہ نہایت تشویشناک ہے۔ یونیسف ترجمان نے کہا ہے کہ ہر بچہ ایک مکمل زندگی اور خواب رکھتا تھا جو جاری تشدد نے اچانک چھین لیا۔ ادارے کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 64 ہزار سے زیادہ فلسطینی بچے شہید و زخمی ہو چکے ہیں۔


































