
تل ابیب : اسرائیل میں دو سو سے زائد سابق یرغمالیوں کے اہل خانہ نے وزیرِاعظم بن یامین نیتن یاہو سے سات اکتوبر کی ناکامیوں پر ریاستی تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے یا استعفیٰ دینے کا مطالبہ کر دیا۔ سابق اسیروں کے خاندانوں اور اکتوبر کونسل نے کھلے خط میں سچ، انصاف اور جواب دہی کا مطالبہ کیا۔ خط میں کہا گیا کہ سات اکتوبر کے حملے سے پہلے اور بعد کے فیصلوں، انٹیلی جنس اور دفاعی ناکامیوں کی مکمل تحقیقات کے لیے صرف ریاستی کمیشن کو قانونی اختیار حاصل ہے۔ یہ اپیل سات اکتوبر کے واقعے کو آٹھ سو دن مکمل ہونے پر کی گئی ہے اور مہم آئندہ دنوں میں مزید تیز کی جائے گی۔
خط میں سرحدی بستیوں کو گھنٹوں تنہا چھوڑنے، یرغمالیوں کے مذاکرات میں تاخیر اور عوامی بیانات کے اثرات کی آزادانہ جانچ کا مطالبہ کیا گیا۔ خط میں کہاگیاہےکہ سیاسی کمیٹی خود اپنی تحقیقات نہیں کر سکتی اور مطالبہ کیا کہ اگر حکومت ذمہ داری نہیں لیتی تو نیتن یاہو مستعفی ہو جائیں۔


































