
اسلام آباد: پاکستان نے عدالتی کارروائی اور جرمانہ سے بچنے کیلئے انتہائی تاخیر کا شکار ایران گیس منصوبے کو دو مرحلوں میں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سب سے پہلے گوادر سے پائپ لائن کا 80 کلو میٹر حصہ بچھانے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے 781 کلومیٹر کی پائپ لائن کے حصے کے طور پر پہلے 81 کلومیٹر بچھانے کے منصوبے کی بھی منظوری دی جسے بعد کے مراحل میں نواب شاہ سے منسلک کیا جائے گا۔ حکام نے بتایا کہ منصوبے کے مطابق 81 کلومیٹر طویل پائپ لائن گوادر کو آئی پی گیس لائن منصوبے سے منسلک کرے گی اور ابتدائی طور پر گوادر میں گیس استعمال کی جائے گی۔ اگر امریکا نے کسی قسم کی پابندیاں نہ لگائیں تو پائپ لائن کو گوادر سے نواب شاہ سندھ تک بڑھایا جائے گا، اگر واشنگٹن پابندیاں لگاتا ہے تو پاکستان کے پاس اس منصوبے کو ترک کرنے کی معقول وجوہات ہوں گی اور اس طرح وہ 18 ارب ڈالر کے جرمانے اور ثالثی عدالت کی کارروائی سے بچ جائے گا۔


































