
اسلام آباد: حکومت نے یکم تا دس محرم الحرام جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے پیش نظر ڈرون کے استعمال پر پورے ملک میں پابندی کا فیصلہ کیا ہے تاہم انٹرنیٹ یا موبائل فون کی بندش کا فیصلہ سکیورٹی خدشات کے تناظر میں متعلقہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کے زیر صدارت وزارت داخلہ میں ملک بھر میں محرم الحرام کے دوران امن وامان کے قیام سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں تمام صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں محرم الحرام کے سیکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ یکم محرم سے دس محرم الحرام تک جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے پیش نظر ڈرون کے استعمال پر پورے ملک میں پابندی کا فیصلہ کیا گیا تاہم انٹرنیٹ یا موبائل فون کی بندش کا فیصلہ سکیورٹی خدشات کے تناظر میں متعلقہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ انٹرنیٹ یا موبائل فون کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس ضمن میں زمینی حقائق اور سکیورٹی صورتحال کے مطابق فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے، وفاق صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں قیام امن کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔


































