
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کے یوم حق خود ارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کے لیے اپنےعزم پر ثابت قدم ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے سماجی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری کا سیکیورٹی کونسل کا عہد پورا نہیں ہوا۔ ہندوتوا مودی حکومت ڈھٹائی سے سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں، انسانی ہمدردی کے قوانین اور چوتھے جنیوا کنونشن سمیت بین الاقوامی کنونشنز کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی حیثیت اور ڈیموگرافی کو تبدیل کرنے کی کوشش کرکے جنگی جرائم کا ارتکاب کرتا ہے۔ بین الاقوامی برادری، خاص طور پر اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم پر کارروائی کرنی چاہیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری بھارتی قبضے اور جبر کو مسترد اور مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کے لیے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے تنازع کا اقوام متحدہ کی نگرانی میں آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کے جمہوری طریقہ سے فیصلہ کیا جائے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی سے متعلق عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ 5 جنوری 1949 کو پاکستان اور بھارت کے بارے میں اقوام متحدہ کے کمیشن نے ایک قرارداد پیش کی جس میں جموں و کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کی ضمانت دی گئی۔ انھوں نے کہا کہ آج اقوام متحدہ کے اس وعدے کو 73 سال ہو گئے ہیں۔ جموں و کشمیر کے تنازع کا اقوام متحدہ کی نگرانی میں آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کے جمہوری طریقہ سے فیصلہ کیا جائے۔ دنیا بھر میں کشمیری یوم حق خود ارادیت منا رہے ہیں جس کا مقصد عالمی برادری کی توجہ بھارت کےغیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کےعوام سے کیے گئے وعدے کی حقیقت کی جانب دلانا ہے جو ابھی تک پورا نہیں ہوا۔
اپنے پیغام میں ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ بھارت نے نئے ڈومیسائل قوانین نافذ کیے ہیں اور زمین کے ملکیتی قوانین میں ترمیم کی ہے جس کا مقصد مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ہے جو کہ اقوام متحدہ کے منشور، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور جنیوا کنونشن سمیت عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے۔


































