
دمشق: شام کے دارالحکومت دمشق میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے ایرانی سفارتخانے سے متصل قونصلیٹ پر میزائل حملہ کیا، حملے میں ایران کی پاسداران انقلاب کی القدس بریگیڈز کے کمانڈر محمد رضا زاہدی سمیت 7 افراد شہید ہوگئے۔
میزائل حملے میں ایرانی سفارت خانے سے متصل قونصلیٹ کو نقصان پہنچا، میزائل حملے سے عمارت کے پاس کھڑی گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے میزائل حملے میں ایرانی قونصلیٹ اور ایرانی سفیر کی رہائش گاہ کو نقصان پہنچا ہے تاہم ایرانی سفیر محفوظ رہے۔ شہدا میں قدس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل محمد رضا زاہدی اور ان کے نائب بریگیڈیئر جنرل محمد ہادی حاجی رحیمی, مشیر حسین امان اللہ، مہدی جلالاتی، محسن صداقت، اور علی آغا بابائی شامل ہیں۔
پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ مجرم اسرائیل نے یہ کارروائی اپنی مسلسل شکست اور غزہ کے لوگوں کی ثابت قدمی کے بعد کی ہے۔ دشمن غزہ جنگ میں قتل عام کے باوجود اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہنے کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکا ہے۔
شام میں تعینات ایرانی سفیر حسین اکبری نے کہا ہے کہ اسرائیلی ایف 35 طیارے نے ایرانی سفارت خانے پر 6 میزائل داغے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قونصل خانے پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اس حملے کا ہر حال میں جواب دیا جائے گا۔


































