
کراچی: بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان بپر جوائے انتہائی درجے کے سائیکلون میں تبدیل ہوگیا ہے۔ سمندری طوفان بپر جوائے کٹیگری تین میں تبدیل ہوکر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ طوفان کے 15 جون کو ہندوستانی صوبے گجرات اور کیٹی بندر سے ٹکرانے کا قوی امکان ہے۔ جہاں تیز ہواؤں کے جھکڑ چل رہے ہیں۔ گجرات سے کیرالا تک دس فٹ سے اونچی لہریں ساحلوں سے ٹکرارہی ہیں۔ جو چالیس فٹ تک بلند ہوسکتی ہیں۔ صوبے کے درجن بھر ساحلی اضلاع طوفانی بارشوں اور ہواؤں سے متاثر ہوں گے۔ ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ طوفان نے رخ بدلا تو پاکستان میں سندھ کے ساحلی علاقے شدید متاثر ہوں گے جہاں پہلے ہی انتہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ ٹھٹھہ، سجاول اور بدین سے لوگوں کو منتقل کیا جارہا ہے۔ کراچی میں بھی ساحلی علاقوں میں رہنے والوں کو محفوظ مقام پر منتقلی کی ہدایت کردی گئی ہے۔ شہر میں سو ملی میٹر تک بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔


































