
راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے جیل میں ملاقات کرنے والے وکلا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ ملک میں پی ٹی آئی کے خلاف جاری جبر ختم کیا جائے، بنگلا دیش میں جو کچھ ہوا اس کی بڑی وجہ بھی ظلم ہے۔ عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ایڈووکیٹ انتظار پنجوتھہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے صوابی جلسے پر کارکنان کا شکریہ ادا کیا اور کہا ہے کہ 13 اگست کو رات کو پاکستان کے جھنڈے لے کر باہر نکلیں۔ عمران خان نے کہا کہ8 فروری کے الیکشن سے قبل جتنا بھی ظلم ہوا اس پر لوگ خاموش رہے، 9 مئی کو جو بیانیہ بنایا گیا اس پر جواب الیکشن میں عوام نے دیا اور اب دھاندلی زدہ الیکشن پر عوام کو شدید غصہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے ان فیصلوں پر نظر ثانی کریں، مہنگائی نے عوام کی معیشت کمزور کر دی ہے، بنگلا دیش کے حالات بھی اسی وجہ سے خراب ہوئے اور پاکستان تحریک انصاف کے خلاف جبر کی پالیسی ختم کی جائے۔


































