
کراچی: صوبہ سندھ میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے آٹھ سو سے زائد افغان مہاجرین کو گرفتار کرلیا گیا۔ کراچی میں افغان قونصلر جنرل عبدالجبار طخاری نے کہا کہ صوبہ سندھ میں ایک ہفتے سے افغان مہاجرین کیخلاف کارروائی جاری ہے۔ اور اب تک بچوں سمیت 800 سے زائد افغان مہاجرین کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔ طخاری نے کہا کہ حراستوں کا سلسلہ جاری ہے اور جن کے پاس دستاویزات ہیں، انہیں بھی حراست میں لے لیا گیا ہے قانونی دستاویزات کے ساتھ پکڑے گئے بعض افغانوں کو مبینہ طور پر رقم کے عوض رہا کیا گیا ہے۔ پاکستان میں افغان مہاجرین کی کونسل کے سربراہ میر احمد رؤف نے بتایا کہ کراچی کے علاوہ کوئٹہ، چترال اور پشاور کے ساتھ ساتھ دیگر علاقوں میں بھی افغانوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ اس مسئلے پر سنجیدہ مذاکرات کی ضرورت ہے اور میرے خیال میں اس سلسلے میں افغانستان کی مرکزی حکومت کا اہم کردار ہے۔


































