
لاہور: پاکستان میں اپوزیشن جماعت تحریک انصاف کیخلاف چھاپہ مار کارروائیوں میں 750 سے زائد کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ لاہور پولیس نے 26 مارچ کو مینار پاکستان پر جلسے سے قبل ہی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ شروع کردی ہے۔ پولیس نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں اور اسلام آباد میں رات گئے اندھا دھند چھاپے مارے اور درجنوں کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔جس میں سوشل میڈیا کے فوکل پرسن اظہر مشوانی اور جلسے کے منتظم ملک قیصر بھی شامل ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے ٹوئٹ کیا کہ اب تک 750 کے لگ بھگ کارکنوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے، سوچا تھا رمضان سلامتی کا مہینہ ہے شیطان بند ہوں گے لیکن ان شیطانوں کو یہ بھی احساس نہیں کہ غریب لوگوں کو اٹھا کر جیلوں میں ڈالا ہے۔


































