
اسلام آباد: حکومت نے جماعت اسلامی کے دھرنے کو روکنے کیلئے کریک ڈاؤن کیا اور سینکڑوں کارکنوں اور عہدیداروں کو حراست میں لے لیا۔ ریڈ زون اور راولپنڈی سے دارالحکومت آنے والے راستے کنٹینر لگاکر جزوی طور پر بند کردیے گئے۔ فیض آباد کے مقام پر راولپنڈی جانے والا راستہ کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ مری روڈ پر چاندنی چوک اور سکستھ روڈ پر بھی کنٹینر پہنچادیے گئے۔ پولیس نے کارکنوں کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔ جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ بارہ سو سے زیادہ کارکنوں کو گرفتار کیا جاچکاہے۔ جماعت اسلامی کے ترجمان نے کہا ہے کہ کارکنوں کی گرفتاری کی پرزور مذمت کرتے ہیں، حکومت ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے پرامن مظاہرین کو اشتعال دلا رہی ہے، حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اسلام آباد کا امن خراب کرنا چاہتی ہے، کارکنان کو فی الفور رہا نہ کیا گیا تو حالات کی ذمہ دار حکومت ہو گی۔ جماعت اسلامی نے تین مقامات پر دھرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کے مطابق مری روڈ راولپنڈی، زیرو پوئنٹ اسلام آباد اور چونگی نمبر 26 پر دھرنا ہوگا۔ زیرو پوائنٹ اسلام آباد پر دھرنے کی قیادت امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کریں گے۔


































