
اسلام آباد: کورونا کی نئی لہر، صوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس آئندہ ہفتے تک مؤخر کر دیا گیا، حتمی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس آئندہ ہفتے تک موخر کر دیا گیا ہے، آئندہ اجلاس کی حتمی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ اجلاس میں کورونا کی نئی قسم اومی کرون کے بڑھتے کیسز کا جائزہ لیا جانا تھا۔ دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 992 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 12 ہزار 267 ہوگئی۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 19 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 49 ہزار 843، سندھ میں 4 لاکھ 91 ہزار 743، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 81 ہزار 906، بلوچستان میں 33 ہزار 675، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 437، اسلام آباد میں ایک لاکھ 9 ہزار 944 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 719 کیسز رپورٹ ہوئے۔


































