
جدہ: عرب لیگ، اسلامی تعاون تنظیم، خلیجی تعاون کونسل اور عرب ممالک نے جنین میں فلسطینیوں کے خلاف صیہونی آپریشن کی شدید مذمت کی ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم نے ایک بیان میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کی مسلسل جارحیت کو رکوائے اور اس حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کرے۔ یہ فلسطینی عوام کے خلاف منظم ریاستی دہشت گردی ہے۔ خلیجی تعاون کونسل نے کہا کہ جنین میں اسرائیل جو کچھ کررہا ہے وہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ اس سے مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے جاری امن مشن معطل ہو گا۔ عرب لیگ نے جنین آپریشن کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ’اسرائیلی اقدامات نے خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کی کوششوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ شہروں اور کیمپوں پر بمباری، گھروں اور سڑکوں کو بلڈوز کرنا ایک اجتماعی سزا اور انتقام ہے جو صورتحال کے مزید بگاڑ کا باعث بنے گا۔عرب پارلیمنٹ نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کو بند کرانے کے لیے علاقائی و بین الاقوامی طاقتیں اور عرب ممالک ضروری اقدامات کریں۔ اقوام متحدہ کےسیکریٹری جنرل کا کہنا ہے کہ صورتحال پر گہری تشویش ہے۔ اردن نے کہا ہے کہ جنین میں اسرائیل کا بڑھتا ہوا تشدد مزید کشیدگی کا باعث بنے گا۔


































