
واشنگٹن : غزہ میں صیہونی درندگی کے نتیجے میں بتیس ہزار فلسطینی شہید ہوگئے لیکن امریکا کو کوئی پریشانی نہیں ہوئی تاہم اب دنیا میں اپنی ساکھ کھونے پر اسے سخت تشویش لاحق ہوگئی ہے اس نے اسرائیل کو بھی خبردار کردیا ہے۔ امریکی اسسٹنٹ سکریٹری آف اسٹیٹ بل روسو کا اسرائیلی وزارت خارجہ کے حکام کے نام میمو سامنے آیا ہے جس میں اسرائیلی حکام کو خبردار کیا گیا ہے کہ غزہ کی غیرمقبول جنگ کی وجہ سے دونوں ممالک کو ساکھ کے مسئلہ کا سامنا ہے۔ میمو کے مطابق اسرائیلی اس حقیقت سے غافل دکھائی دے رہے تھے کہ انہیں نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں اپنی ساکھ کے نسل در نسل نقصان کا سامنا ہے۔ ہمیں تشویش ہے کہ اسرائیلی درختوں کے لیے جنگل کو کھو رہے ہیں اور اپنی ساکھ کو پہنچنے والے نقصان کو لکھنے میں ایک بڑی تزویراتی غلطی کر رہے ہیں۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے میمو میں اسرائیلی حکام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اس معاملے کو اعلیٰ ترین سطحوں پرحل کریں۔


































