
امپھال : بھارتی ریاست منی پور میں ایک بار پھر تشدد کی لہر نے سر اٹھالیا ہے۔ جھڑپوں میں ایس پی، پولیس اہلکار اور مظاہرین زخمی ہوگئے۔ منی پور کے دارالحکومت امپھال سے پینتالیس کلو میٹر دور ضلع کانگ پوکپی میں جھڑپوں کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب کوکی قبائل کے مظاہرین نے سیکورٹی اہلکاروں کو پہاڑیوں پر بنے بنکروں کو توڑنے سے روکنے کی کوشش کی۔ مظاہرین سیبول گاؤں سے مرکزی سیکورٹی فورسز کو نکالنے کا مطالبہ کررہے تھے۔ سیکورٹی فورسز نے مظاہرین کو پیچھے ہٹنے کو کہا تو انہوں نے ڈپٹی کمشنر کے دفتر پر پتھراؤ کیا۔ سیکورٹی فورسز نے آنسو گیس کے گولے داغے اور ہوائی فائرنگ کی۔ جھڑپوں میں ایس پی کانگ پوکپی سمیت کئی پولیس اہلکار اور متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے۔ حالات پر قابو پانے کے لیے اضافی مرکزی افواج کو موقع پر بھیج دیا گیا ہے۔


































