
بیجنگ : چین نے ایران اور سعودیہ کے بعد فلسطین اسرائیل ثالثی کی کوششیں بھی شروع کردیں۔ چین نے ثالثی کی پیشکش کے بعد فلسطینی صدر محمود عباس کو بیجنگ کے دورے پر بلالیا جو آئندہ ہفتے چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہواچونینگ نےبتایاکہ صدر شی جن پنگ کی دعوت پر محمود عباس تین روزہ دورے پر 13جون کو بیجنگ آئیں گے۔ وزارت خارجہ کے ایک اور اہلکار وانگ وین بن نے بریفنگ میں بتایا کہ محمود عباس چینی عوام کے دیرینہ اور اچھے دوست ہیں۔ وہ رواں سال بیجنگ آنے والے پہلے عرب سربراہ مملکت ہیں۔ اس سے چین فلسطین ٹھوس تعلقات کی نشاندہی ہوتی ہے انہوں نے مزید کہا کہ چین نے ہمیشہ فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی بحالی کے منصفانہ مقصد کی حمایت کی ہے۔ واضح رہے کہ اپریل میں چینی وزیر خارجہ کن گینگ نے اسرائیلی اور فلسطینی ہم منصب سے رابطہ کرکے دو ریاستی حل کے نفاذ کی بنیاد پر امن مذاکرات کے لیے چین کی حمایت پر زور دیا تھا۔


































