
بیجنگ : چین نے یوکرین میں جنگ بندی اور قیام امن کیلئے باضابطہ کوششیں شروع کردیں۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور جنگ بندی پر تبادلہ خیال کیا۔ چینی صدر نے کہا ہے کہ بحران کے حل کے لیے چین اپنے خصوصی نمائندے کیف بھیجے گا۔ جو بحران کے حل کے لیے تمام فریقوں سے بات چیت کریں گے۔ صدر شی جن پنگ نے یوکرین کے صدر کو بتایا کہ چین امن مذاکرات کو فروغ دے گا اور جلد از جلد جنگ بندی کے لیے کوششیں کرے گا۔ روس کا یوکرین پر حملے کے بعد صدر شی جن پنگ اور صدر ولادیمیر زیلنسکی کے درمیان یہ پہلا رابطہ ہے۔ یوکرین کے صدر نے اس طویل ٹیلی فونک گفتگو کو مثبت قراردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ کال اور اس کے ساتھ ساتھ چین میں یوکرین کے سفیر کی تقرری دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں طاقتور محرک بنے گی۔


































