
بیجنگ : چین اور روس نے ایران پر امریکی پابندیوں کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے فوری ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔بیجنگ میں چین، روس اور ایران کے سفارتکاروں کا اجلاس ہوا جس میں ایران کے جوہری پروگرام اور مشترکہ تشویش کے دیگر بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے بعد جاری بیان میں تہران کے جوہری توانائی کے پرامن استعمال کے حق کا اعادہ اور تمام غیر قانونی، یکطرفہ پابندیوں کو ہٹانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اعلامیہ میں کہاگیا کہ متعلقہ فریقوں کو موجودہ صورتحال کی بنیادی وجوہات کو حل کرنے اور پابندیوں، دباؤ یا طاقت کے استعمال کی دھمکی کو ترک کرنے کے لیے پرعزم ہونا چاہیے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ باہمی احترام پر مبنی بات چیت ہی مسئلے کا واحد عملی حل ہے۔ جس میں متعلقہ فریقین پر زوردیا گیا کہ وہ ایسی کوئی کارروائی کرنے سے گریز کریں جس سے صورتحال مزید خراب ہو اور سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچے۔


































