
دی ہیگ : چلی اور میکسیکو نے بین الاقوامی فوجداری عدالت سے غزہ میں جرائم کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔میکسیکو اور چلی کی حکومتوں نے بین الاقوامی فوجداری عدالت سے رابطہ کیا ہے اور سات اکتوبر کے حماس حملوں اور اس کے بعد سے جاری اسرائیلی جارحیت پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ دونوں ملکوں نے اس سلسلے میں باقاعدہ درخواست جمع کرادی ہے۔ میکسیکو کے دفترخارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی درخواست غزہ میں تشدد میں حالیہ اضافے اور خاص طور پر شہریوں کے خلاف بڑھتی کارروائی پر دائر کی گئی ہے۔ چلی کے وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ میں ممکنہ جنگی جرائم کی تحقیقات کے خواہشمند ہیں۔ اس کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئے۔ بین الاقوامی فوجداری عدالت نے دو ہزار اکیس میں فلسطین میں ممکنہ جنگی جرائم کی تحقیقات شروع کیں تھیں۔ جس کا دائرہ سات اکتوبر کے حملے تک بڑھادیا گیا ہے۔


































