
واشنگٹن : امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی آخری پریس بریفنگ غزہ میں نسل کشی کے معاملے پر افراتفری کا شکار ہوگئی۔واشنگٹن میں نیوز بریفنگ کے دوران انٹونی بلنکن غزہ جنگ پر بائیڈن انتظامیہ کے فیصلوں اور پالیسیوں کا دفاع کر رہے تھے کہ اس دوران صحافی سام حسینی نے بولنا شروع کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل سے لے کر آئی سی جے تک ہر کوئی کہہ رہا ہے کہ اسرائیل نسل کشی اور قتل و غارت کر رہا ہے اور آپ مجھے اس عمل کا احترام کرنے کو کہہ رہے ہیں؟۔سیکورٹی اہلکار صحافی کو زبردستی اٹھاکر گھسیٹے ہوئے باہر لے گئے۔ بلنکن جیسے ہی اگلے سوال کی طرف بڑھے تو ایک اور صحافی نے سوال داغا کہ جب مئی میں معاہدہ ہو گیا تھا تو پھر آپ غزہ میں بم کیوں برسا رہے تھے؟ آپ نے میرے دوستوں کا قتلِ عام کیوں ہونے دیا؟ آپ نے ان کے گھر کیوں تباہ ہونے دیے؟۔ سیکورٹی اہلکار انہیں بھی زبردستی وہاں سے اٹھا کر باہر لے گئے۔ صحافی نے جاتے ہوئے انٹونی بلنکن کو نسل کشی کا سیکریٹری قرار دے دیا۔


































