
نیویارک : اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے فریقین پر زور دیا ہے کہ غزہ میں نازک جنگ بندی کو برقرار رہنا چاہیے۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں صحافیوں سے خطاب میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ جنگ کے تمام فریق اپنے وعدوں کا احترام کریں اور معاہدے کو ٹوٹنے سے روکیں۔ غزہ بحران کا فوری خاتمہ ضروری ہے، گوتریس نے اس بات پر بھی زور دیا کہ غزہ کی بحالی، تعمیر نو اور دیرپا استحکام کے لیے ایک طویل المدتی سیاسی فریم ورک کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ ایک آزاد، جمہوری اور خودمختار فلسطینی ریاست کا اٹوٹ حصہ رہے گا، جس کے علاقے میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی اور نہ ہی اس کی آبادی کی جبری منتقلی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کو خود پر حکومت کرنے، اپنا مستقبل خود ترتیب دینے اور اپنی سرزمین پر آزادی اور سلامتی کے ساتھ رہنے کا حق ہونا چاہیے۔


































