
غزہ : غزہ میں تین گھنٹے تاخیر سے جنگ بندی معاہدے پر عملدآمد شروع ہوگیا ہے۔ حماس نے رہائی کیلئے تین خواتین قیدیوں کے نام جاری کئے۔ جس میں ایک برطانوی نژاد خاتون بھی شامل ہیں۔ حماس نے تاخیر کی وجہ تیکنکی مسائل کو قرار دیا ہے۔ اس سے پہلے صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا تھاکہ قیدیوں کی فہرست ملنے تک جنگ بندی شروع نہیں ہوگی۔ تین خواتین کے بدلے نوے فلسطینی رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ معاہدہ ہوتے ہی متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے پیدل ہی واپسی بھی شروع کردی ہے۔ ہزاروں فلسطینی اپنے تباہ حال علاقوں کو پہنچ رہے ہیں۔ امدادی ٹرکوں کے قافلے بھی غزہ میں داخل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ انروا نے کہا ہے کہ غذائی اشیا سے لدے چار ہزار ٹرک غزہ بھیجے جارہے ہیں۔ جنگ بندی سے پہلے غزہ پر حملوں میں چودہ فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔


































