
لندن: برطانوی میڈیا نے سات اکتوبر سے فلسطینیوں پر جاری صیہونی مظالم کی خبریں نشر کرنے میں واضح طور پر تعصب کا مظاہرہ کیا ہے۔ برطانوی مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم مسلم کونسل آف برٹین کے سینٹر فار میڈیا مانیٹرنگ کی رپورٹ کے مطابق اکثر برطانوی چینلوں نے شدت کے ساتھ ’اسرائیل کے حق دفاع‘ کی تشہیر کی ہے اور پانچ کے مقابلے میں ایک کے تناسب سے فلسطینیوں کے حقوق کو نظرانداز کیا ہے۔ میڈیا بیاس غزہ دو ہزار تئیس چوبیس کے عنوان سے شائع کی گئی رپورٹ میں ٹاک ٹی وی، جی بی نیوز اور اسکائی نیوز کو بدترین مجرم ٹھہرایا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چینلز پر جن مہمانوں یا شرکا نے پچھتر سالہ قضیے کو سمجھانے کی کوشش کی ان پر سات اکتوبر کے حملوں کو جائز قرار دینے کا الزام لگادیا گیا۔ خبروں اور ڈسکشن پروگراموں میں اسرائیلی نقطہ نظر کو اجاگر کیا گیا اور اسرائیلیوں کی زندگیوں کو اہمیت دیتے ہوئے غزہ میں تیزی سے بڑھتی ہوئی اموات کو کم کرکے بتایا گیا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہےکہ خبروں میں جذباتی اور منافرانہ زبان استعمال کی گئی اورفلسطینیوں، عربوں اور مسلمانوں کی غیر انسانی تصویر پیش کی گئی۔


































