
لندن : برطانیہ کے وزیراعظم رشی سناک نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیل کو اسلحہ کی فروخت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ایل بی سی ریڈیو سے ٹیلی فونک انٹرویو میں رشی سناک نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت معطل نہ کرنے کے فیصلے کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو اسلحہ فروخت کرنے کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ ہتھیاروں کی برآمد پہلے کی طرح جاری رہے گی اور یہ بہاؤ معطل نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قریبی اتحادیوں میں سے بھی کسی نے برآمدی لائسنس معطل نہیں کئے۔ ہمارے پاس اسلحہ برآمد کرنے کا ایک سخت معیار ہے اور اس کا ہم جائزہ لیتے رہتے ہیں۔


































