
لندن: برطانیہ کی فارن سیکریٹری یوویٹ کوپر نے ایران سے متعلق تنازع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تنقید کا جواب دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ برطانیہ ہر معاملے پر ٹرمپ سے متفق نہیں اور فیصلے صرف قومی مفاد کو مدنظر رکھ کر کیے جاتے ہیں۔ برطانوی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فارن سیکریٹری یوویٹ کوپر نے کہا کہ وزیرِ اعظم کا کام برطانیہ کے قومی مفاد میں فیصلے کرنا ہے، نہ کہ کسی اور ملک کے مفاد میں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات حیران کن نہیں کہ برطانیہ ہر مسئلے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متفق نہیں ہوتا۔ اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا تھا کہ برطانیہ مشرقِ وسطیٰ میں طیارہ بردار بحری جہاز بھیجنے پر غور کر رہا ہے۔ امریکی صدر نے اس اقدام کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ہمیں ایسے لوگوں کی ضرورت نہیں جو جنگ جیتنے کے بعد اس میں شامل ہوں۔
ادھر وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر ٹیلیفونک گفتگو ہوئی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں شراکت داروں کے اجتماعی دفاع کے لیے فوجی تعاون پر تبادلۂ خیال کیا۔


































