
راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ سے 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک میجر اور حوالدار شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا اور دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 دہشت گردوں ہلاک ہوگئے جبکہ آپریشن کی قیادت کرنے والے میجر سید علی رضا شاہ اور حوالدار نثار احمدبہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگئے۔ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ضلع ژوب میں دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہونے والے میجر سید علی رضا شاہ اور حوالدار نثار احمد کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔


































