
راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ فوج کسی خاص سیاسی سوچ، زاویے، پارٹی، مذہب اور مسلک کو لے کر نہیں چل رہی بلکہ پاکستان اور ترقی کو لے کر چل رہی ہے، جس میں کبھی نہیں ہچکچائی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ حکومت پاکستان نے حال ہی میں ایک اہم فیصلے اور نوٹی فکیشن کے ذریعے کالعدم ٹی ٹی پی کو فتنہ الخوارج کے نام سے نوٹیفائی کیا ہے۔ آئندہ سے اس کو اسی نام سے پکارا جائے گا اور اس سے جڑا ہر دہشت گرد خارجی پکارا جائے گا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ نہ تو کوئی تحریک ہے اور نہ ہی ان کا دین اسلام یا پاکستان سے کوئی تعلق ہے۔ بلوچستان کی احتجاجی صورت حال پر صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی (بلوچ راجی مچی) اور اس کی نام نہاد لیڈر شپ دہشت گرد تنظیموں کی پراکسی ہے۔ ان کا کام یہ ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بدنام کیا جائے، صوبے کے ترقیاتی منصوبوں کو ناکام بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری کامیاب جنگ آخری دہشت گرد اور دہشت گردی کے خاتمے تک جاری رہے گی۔


































