
نیویارک : عالمی برادری نے طالبان انتظامیہ کی جانب سے لڑکیوں کی اعلیٰ تعلیم پر پابندی کی شدید مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے تعلیمی مواقع تک تمام افغان شہریوں کی دسترس کی ضمانت فراہم کرنے پر زور دیا اورکہا ہےکہ لڑکیوں اور خواتین کو تعلیم سے محروم رکھنے کے تباہ کن اثرات افغانستان کے مستقبل پر بھی پڑیں گے۔ سعودی وزارت خارجہ نے فیصلے پر حیرت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ واپس لینے پر زور دیا ہے۔ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ نے کہاکہ افغان حکام کو کئی بار ایسے فیصلوں کے نتائج سے خبردار کیا جاچکا ہے۔ پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا تاہم انہوں نے طالبان کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے پر زور دیا۔ قطر نے بھی طالبان کے فیصلے کی مذمت کی۔


































