
پیرس: فرانس کی اعلیٰ عدالت نے خواتین فٹ بال کھلاڑیوں پر حجاب پہن کر کھیلنے پر پابندی کو درست قرار دے دیا۔ فرانس میں مسلم خواتین کھلاڑیوں نے فرانسیسی فٹبال فیڈریشن کی جانب سے حجاب پر پابندی کے فیصلے کو کونسل آف اسٹیٹ میں چیلنج کیا تھا۔ اعلیٰ انتظامی عدالت نے کھلاڑیوں کی درخواست مسترد کرتے ہوئے پابندی کو برقرار رکھا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ کھیلوں کی فیڈریشنز جن کا کام عوامی خدمات کو اچھے طریقے سے یقینی بنانا ہے وہ مقابلوں میں اپنے کھلاڑیوں پر غیرجانبداری کی شرط عائد کر سکتی ہیں، تاکہ میچ کو آسانی سے چلانے اور کسی بھی تنازع سے گریز کی ضمانت دی جا سکے۔ فٹ بال فیڈریشن کی کھیل کے دوران کسی بھی طرح کے سیاسی، فلسفیانہ، مذہبی اور کسی یونین سے وابستگی کے نشان یا کپڑے پر پابندی بالکل ٹھیک اور جائز ہے۔انتہائی دائیں بازو کی رہنما میرین لی پین نے کہاکہ اسپورٹس میں حجاب کی اجازت نہیں۔ اور ہم اس بات کے احترام کے لیے ایک قانون پاس کریں گے۔ مسلم انجمنوں اور انسانی حقوق کے گروپوں نے الزام لگایا ہے کہ ان قوانین نے مسلمانوں کو نشانہ بنایا ہے، جمہوری تحفظات کو چھین لیا ہے اور انہیں بدسلوکی کا نشانہ بنایا ہے۔ فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا نے ایک دہائی قبل خواتین فٹبالرز کے حجاب پہننے پر عائد پابندی ختم کر دی تھی۔


































